الیکشن کمیشن ،گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات ،اپیلوں کی سماعت کیلئے اپیلیٹ ٹربیونل کے قیام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن نے گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کے سلسلے میں اپیلوں کی سماعت کیلئے اپیلیٹ ٹربیونل کے قیام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ شعبہ تعلقات عامہ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ، گلگت بلتستان کے مطابق یہ اقدام الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 63کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے عمل میں لایا گیا ہے تاکہ انتخابی عمل کو شفاف، منصفانہ اور قانون کے مطابق یقینی بنایا جا سکے۔اس سلسلے میں گلگت بلتستان چیف کورٹ کی جانب سے موصول ہونے والی نامزدگی کی روشنی میں جناب جسٹس راجہ شکیل احمد، معزز جج گلگت بلتستان چیف کورٹ کو اپیلیٹ ٹربیونل مقرر کیا گیا ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق معزز جج، گلگت بلتستان اسمبلی کے تمام چوبیس حلقوں میں کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد کیے جانے کے خلاف دائر ہونے والی اپیلوں کی سماعت کریں گے اور ان پر فیصلے صادر کریں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق اپیلیٹ ٹربیونل اپیلوں کو مقررہ مدت کے اندر نمٹائے گا تاکہ انتخابی عمل میں تاخیر نہ ہو اور تمام مراحل بروقت مکمل کیے جا سکیں۔ اس ضمن میں اپیلوں کی سماعت اور فیصلوں کیلئے مدت 2مئی 2026ء سے 9مئی 2026مقرر کی گئی ہے












