گلگت بلتستان میں ایک ہفتے سے لاپتا جاپانی سیاح کی لاش کھائی سے مل گئی

گلگت بلتستان کے ضلع سکردو میں ایک ہفتے سے لاپتا جاپانی ٹریکر کی لاش ریسکیو ٹیموں نے دشوار گزار پہاڑی علاقے سے برآمد کر لی۔64 سالہ جاپانی سیاح یوسوکے اکیبا بغیر مقامی گائیڈ کے مشہور سیاحتی مقام مسرور راک کی جانب گئے تھے، جہاں سے وہ لاپتا ہو گئے تھے، مسلسل سات روز تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد ان کی لاش حسین آباد کے قریب ایک گہری کھائی سے نکالی گئی۔
ریسکیو 1122 اسکردو کے ترجمان غلام رسول نے بتایا کہ امدادی ٹیموں نے انتہائی مشکل پہاڑی راستوں میں پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ آپریشن جاری رکھا، جبکہ لاش کو رسیوں اور خصوصی آلات کی مدد سے نکالا گیا۔سرچ آپریشن میں سدپارہ ماؤنٹینئرنگ کلب کے رضاکار کوہ پیما بھی شریک رہے، کلب کے چیئرمین غلام محمد سدپارہ کے مطابق چار تجربہ کار کوہ پیماؤں نے ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر کارروائی میں حصہ لیا۔گلگت بلتستان دنیا کی بلند ترین چوٹیوں اور ہزاروں گلیشیئرز کا خطہ ہے، جہاں ہر سال بڑی تعداد میں غیر ملکی کوہ پیما اور سیاح آتے ہیں، گزشتہ ماہ بھی ایک ملائیشین خاتون سیاح سکردو میں مبینہ طور پر فالج کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔











