سری لنکا کے ایک اور کھلاڑی پی ایس ایل کا حصہ بن گئے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کی دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے بنگلا دیشی وکٹ کیپر بیٹر پرویز حسین ایمون کے زخمی ہو کر باہر ہونے کے بعد سری لنکا کے بیٹنگ آل راؤنڈر چرتھ اسالنکا کو بقیہ میچوں کے لیے ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے پرویز حسین ایمون کندھے کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔ قلندرز کے حالیہ میچ میں ملتان سلطانز کے خلاف فیلڈنگ کے دوران آصف علی سے ٹکرانے کے باعث ان کے کندھے کا لگامنٹ پھٹ گیا تھا۔ ایمون نے اس سیزن میں قلندرز کی جانب سے تین میچز کھیلے تھے۔
بائیں ہاتھ سے جارحانہ بیٹنگ اور آف اسپن باؤلنگ کرنے والے چرتھ اسالنکا بین الاقوامی کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور وہ سری لنکا کی تمام فارمیٹس میں نمائندگی کر چکے ہیں۔ چرتھ اسالنکا 17 اپریل کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ہونے والے میچ سے قبل سکواڈ کو جوائن کر لیں گے۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز کی کارکردگی اس سیزن میں اب تک ملی جلی رہی ہے اور وہ پانچ میچوں میں دو جیت اور تین شکستوں کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر ہے۔ گزشتہ میچ میں پشاور زلمی کے خلاف 174 رنز کے تعاقب میں پوری ٹیم محض 97 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، جس کے بعد ٹیم مینجمنٹ مڈل آرڈر کو مضبوط کرنے کے لیے پرامید ہے۔












