تازہ ترین
ضلع گلگت

گلگت بلتستان انتخابات کا نیا شیڈول جاری، پولنگ 7 جون کو ہوگی

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی جانب سے عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق نیا انتخابی شیڈول جاری کردیا گیا، پولنگ 7 جون 2026 کو ہوگی۔۔تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق قبل ازیں جاری کردہ عام انتخابات کا شیڈول واپس لے لیا گیا تھا، جس کے بعد الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک نیا انتخابی پروگرام جاری کر دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے باقاعدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے 7 جون 2026 کو پولنگ ڈے مقرر کیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن میں تمام حلقوں کے ووٹرز کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ گلگت بلتستان اسمبلی کی جنرل نشستوں پر اپنے نمائندگان کے انتخاب کے لیے مقررہ شیڈول کے مطابق انتخابی عمل میں حصہ لیں۔

انتخابی پروگرام کے تحت ریٹرننگ افسران کی جانب سے پبلک نوٹس 14 اپریل 2026 کو جاری کیا جائے گا جبکہ امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی مدت 16 اپریل سے 20 اپریل 2026 تک مقرر کی گئی ہے۔امیدواروں کی ابتدائی فہرست 21 اپریل 2026 کو جاری کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 21 اپریل سے 28 اپریل 2026 تک مکمل کی جائے گی۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 2 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے جبکہ اپیلیٹ ٹربیونل 9 مئی 2026 تک ان اپیلوں پر فیصلے کرے گا۔ اس کے بعد امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 10 مئی 2026 کو شائع کی جائے گی۔نوٹیفیکیشن کے مطابق اُمیدواروں کے لیے دستبرداری کی آخری تاریخ 11 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے جبکہ 12 مئی 2026کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے اور حتمی امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ پولنگ 7 جون 2026 کو منعقد ہوگی۔اعلامیہ میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ یہ انتخابی پروگرام خواتین اور ٹیکنوکریٹس کے لیے مخصوص نشستوں پر بھی اسی طرح لاگو ہوگا۔اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ فریقین قانون اور ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرتے ہوئے صاف، شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button