گلگت بلتستان ، مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس،انتخابی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ لیا گیا

گلگت بلتستان میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ سطحی وفد نے وفاقی وزراء رانا ثناء اللہ خان اور انجینئر امیر مقام سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کی مجموعی سیاسی صورتحال، تنظیمی امور اور انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان و صدر مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن، جنرل سیکرٹری اکبر تابان اور سابق وزیر گلگت بلتستان انجینئر انور شامل تھے۔ملاقات کے دوران پارٹی قیادت نے گلگت بلتستان میں تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط، فعال اور مربوط بنانے پر زور دیا اور ہر حلقے میں باصلاحیت، مؤثر اور عوامی پذیرائی رکھنے والے امیدوار کھڑے کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر انتخابی مہم کو منظم انداز میں تیز کرنے، عوامی رابطہ مہم کو وسعت دینے اور پارٹی کارکنان کو ہر سطح پر متحرک کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزراء رانا ثناء اللہ خان اور انجینئر امیر مقام نے مسلم لیگ (ن) کی انتخابی تیاریوں میں مکمل تعاون، رہنمائی اور معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کے ایجنڈے کو لے کر آگے بڑھا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں بھرپور، منظم اور مؤثر حکمت عملی کے ساتھ حصہ لے گی











