چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے نیا انتخابی شیڈول جاری کردیا ،7 جون کو پولنگ ہوگی

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق نیا انتخابی شیڈول جاری کردیا گیا۔جاری اعلامئے کے مطابق الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے باقاعدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے 7 جون 2026ء کو پولنگ ڈے مقرر کیا ہے۔شعبہ تعلقات عامہ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ، گلگت بلتستان کے مطابق جاری نوٹیفکیشن میں تمام حلقوں کے ووٹرز کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ گلگت بلتستان اسمبلی کی جنرل نشستوں پر اپنے نمائندگان کے انتخاب کیلئے مقررہ شیڈول کے مطابق انتخابی عمل میں حصہ لیں۔انتخابی پروگرام کے تحت ریٹرننگ افسران کی جانب سے پبلک نوٹس 14 اپریل 2026ء کو جاری کیا جائے گا، جبکہ امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی مدت 16 اپریل سے 20 اپریل 2026ء تک مقرر کی گئی ہے۔
امیدواروں کی ابتدائی فہرست 21 اپریل 2026ء کو جاری کی جائے گی، جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 21 اپریل سے 28 اپریل 2026ء تک مکمل کی جائے گی۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 2 مئی 2026ء مقرر کی گئی ہے، جبکہ اپیلیٹ ٹربیونل 9 مئی 2026 تک ان اپیلوں پر فیصلے کرے گا۔اس کے بعد امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 10 مئی 2026 کو شائع کی جائے گی۔نوٹیفیکیشن کے مطابق امیدواروں کے لیے دستبرداری کی آخری تاریخ 11 مئی 2026ء مقرر کی گئی ہے، جبکہ 12 مئی 2026ء کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے اور حتمی امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ پولنگ 7 جون 2026ء کو منعقد ہوگی۔اعلامیہ میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ یہ انتخابی پروگرام خواتین اور ٹیکنوکریٹس کے لیے مخصوص نشستوں پر بھی اسی طرح لاگو ہوگا۔اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ فریقین قانون اور ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرتے ہوئے صاف، شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔











