دیواریں صاف، الیکشن شفاف؛ وال چاکنگ پر مکمل پابندی ہو گی، چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان کی جانب سے عام انتخابات 2026 کے دوران انتخابی مہم کو منظم، قانونی اور ماحول دوست بنانے کے لیےاہم سرکلر جاری کیا گیا ہے، جس میں عوامی املاک پر وال چاکنگ اور نقش نگاری پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔سرکلر کے مطابق الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ مختلف اضلاع میں بعض سیاسی جماعتیں، امیدواران اور ان کے حامی انتخابی مہم کے دوران وال چاکنگ اور گرافٹی کا سہارا لے رہے ہیں، جس سے نہ صرف سرکاری و عوامی املاک کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے بلکہ بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کے ساتھ خطے کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی توازن پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
عوامی سطح پر بھی اس عمل کے خلاف خدشات اور شکایات سامنے آئی ہیں، جن میں بصری آلودگی اور ماحولیاتی نقصان کو اجاگر کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابات کے انعقاد کے دوران تمام سیاسی سرگرمیوں کو قانون کے دائرے میں رکھتے ہوئے نظم و ضبط اور ماحولیاتی ذمہ داری کو یقینی بنانا اس کی آئینی ذمہ داری ہے، جس کے تحت انتخابات ایکٹ 2017 اور ضابطہ اخلاق کی روشنی میں یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
جاری کردہ احکامات کے مطابق کوئی بھی سیاسی جماعت، امیدوار یا ان کا حامی عوامی املاک پر کسی بھی قسم کی تحریر، وال چاکنگ یا گرافٹی نہیں کرے گا، جبکہ سڑکوں، پلوں، سرکاری عمارتوں، عوامی تنصیبات اور دیگر ریاستی ڈھانچوں پر اس قسم کی سرگرمیاں مکمل طور پر ممنوع قرار دی گئی ہیں۔ سیاسی جماعتوں اور امیدواران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابی مہم کے لیے قانونی اور ماحول دوست ذرائع اختیار کریں۔
مزید برآں ضلعی مانیٹرنگ افسران، مانیٹرنگ ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائیں۔سرکلر میں خبردار کیا گیا ہے کہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف انتخابات ایکٹ 2017 کی متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں بدعنوان طرز عمل اور الیکشن کمیشن کی توہین کی کارروائیاں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔











