تازہ ترین
ضلع گلگت

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں’’مشاعرہ بسلسلہ معرکہ حق‘‘کا شاندار انعقاد،افواج پاکستان کی تاریخی فتح کو خراج تحسین پیش

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر مشاعرہ بسلسلہ معرکہ حق کایادگار ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق’’مشاعرہ بسلسلہ معرکہ حق‘‘کے عنوان سے منعقدہ اس محفل کا اہتمام پرووسٹ آفس، اُردو و انگریزی ڈیپارٹمنٹ، آرٹ کلچر اینڈ ڈرامیٹک سوسائٹی اور لٹریری سوسائٹی نے حلقہ ارباب ذوق اور محکمہ سیاحت گلگت بلتستان کے تعاون سے کیا تھا۔

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ اورقائم مقام وزیر سیاحت سید عادل شاہ ودیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی دفاعی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے پوری قوم کو نئے جوش و خروش اور خود اعتمادی سے سرفراز کیا۔

انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ علم و ادب کو ذریعہ بنا کر قومی اتحاد کو مضبوط کریں اور خدمتِ وطن کو اپنا نصب العین بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ محفل محض شعری نشست نہیں بلکہ قومی فخر اور یکجہتی کا بھرپور اظہار ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ معرکہ حق نے دنیا کو ثابت کر دیا کہ متحد قوم کو کوئی طاقت زیر نہیں کر سکتی۔خطے کے ممتاز شعرا ء نے مشاعرے میں شرکت کی اور اپنے پُرجوش و ولولہ انگیز کلام کے ذریعے افواجِ پاکستان کی تاریخی فتح، شہدا کی قربانیوں اور قومی یکجہتی کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

حاضرین نے ہر شعر پر داد دی۔مقررین نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات طلباء میں ادبی ذوق پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ قومی جذبہ اور حبِ وطن کو زندہ رکھنے کے لیے ناگزیر ہیں۔تقریب میں گلگت بلتستا ن کے نامور شعراء حضرات،محکمہ سیاحت کے زمہ داران، طلباء، فیکلٹی اراکین، ادب دوست شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button