تازہ ترین
دریائوں اور آبی ذخائر میں پانی کی آمد و اخراج کے اعدادوشمار گلگت بلتستان میں ترقی اور خوشحالی کا سفر کسی صورت رکنے نہیں دیا جائے گا،انجینئر امیر مقام، خواجہ سعد... گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کا فائنل راؤنڈ شروع، بلاول بھٹو اسکردو پہنچ گئے مایہ ناز اتھلیٹ مسعود خان کا نیا ریکارڈ، پشاور تا سکردو 808 کلومیٹر دوڑ 9 دن میں مکمل کرلی ،اہل علاق... گلگت بلتستان میں ایک ہفتے سے لاپتا جاپانی سیاح کی لاش کھائی سے مل گئی پی ٹی آئی نے گلگت بلتستان انتخابات 2026ء سے متعلق اہم سرکلر جاری کر دیا معرکہ حق میں پاکستان کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر لاہور، پشاور، کراچی، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں جگہ ... معرکہ حق میں تاریخی فتح کا ایک سال مکمل ،گلگت میں یادگار شہدا پر پروقار تقریب کا انعقاد گلگت بلتستان انتخابات،خواتین کی مخصوص اور ٹیکنوکریٹس کی نشستوں پر امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری استحکام پاکستان پارٹی نے گلگت بلتستان انتخابات کیلئے امیدواروں کا اعلان کردیا
ضلع اسکردو

گلگت بلتستان میں ترقی اور خوشحالی کا سفر کسی صورت رکنے نہیں دیا جائے گا،انجینئر امیر مقام، خواجہ سعد رفیق کا سکردو میں عوامی اجتماع سے خطاب

سکردو،اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر ،گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے گلگت بلتستان میں ترقی اور خوشحالی کا جو سفر شروع کیا ہے، اسے کسی صورت رکنے نہیں دیا جائے گا،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکردو میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن)سکردو کے زیرِ اہتمام حلقہ نمبر 2، سکردو میں ایک بڑے عوامی اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی کارکنوں، مقامی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجتماع میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام، مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق، امیدوار حلقہ نمبر 1 سکردو و جنرل سیکریٹری مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان اکبر تابان، امیدوار حلقہ نمبر 2 سکردو امتیاز حیدر کاجو، ترجمان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان اشرف صدا، حاجی سعید بلتستانی، ضلع سکردو مسلم لیگ (ن) کے صدر حاجی شفیق سمیت دیگر رہنماؤں نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے دور میں گلگت بلتستان میں بے مثال ترقیاتی کام انجام دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں سڑکوں کے جال بچھائے گئے،یونیورسٹی آف بلتستان کا قیام عمل میں لایا گیا جبکہ قراقرم یونیورسٹی کے ہنزہ،دیامر اور غذر کیمپس بھی مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے ترقیاتی وژن کا نتیجہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ شمسی توانائی (سولر انرجی) کے منصوبے، دانش سکول، تعلیمی وظائف، لیپ ٹاپ سکیمیں اور ہاؤسنگ سکیمیں نوجوانوں اور عوام کی فلاح کے لیے حکومت کے اہم اقدامات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ سیلابی آفات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 4 ارب روپے کے خصوصی امدادی و بحالی پیکج کی منظوری دی، جس کے تحت متاثرہ خاندانوں کی مدد اور نقصان زدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے گلگت بلتستان میں ترقی اورخوشحالی کا جو سفر شروع کیا ہے، اسے کسی صورت رکنے نہیں دیا جائے گا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ ہماری جماعت کا پختہ عزم ہے کہ ترقی، عوامی فلاح اورخوشحالی کے اس سفر کو مزید آگے بڑھایا جائے اور خطے کے عوام کو بہتر تعلیم، صحت، روزگار، سیاحت اور جدید بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ گلگت بلتستان کا حق ہے اور اس کا تذکرہ حال ہی میں میرے قائد میاں محمد نواز شریف نے کیا ہے کہ این ایف سی گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کا حق ہے۔ اب یہ حق دینا ہماری پارٹی کا نصب العین ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے دانشمندانہ سفارت کاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن کی بحالی کی کوششوں میں مؤثر کردار ادا کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، تاہم ملکی دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر اپنی طاقت، عزم اور قومی یکجہتی کا ثبوت دیا۔انجینئرامیر مقام نے پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ملکی سرحدوں کے دفاع، قومی سلامتی کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے سابق وزیرِاعظم نواز شریف کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ 28 مئی 1998 کو ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ پاکستان کی دفاعی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے، جس نے ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔انجینئرامیر مقام نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا ایک خوبصورت اور منفرد سیاحتی خطہ ہے، جس میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان صرف اپنی قدرتی خوبصورتی، بلند و بالا پہاڑوں اور دلکش وادیوں کی وجہ سے ہی منفرد نہیں بلکہ یہاں کے عوام اپنی مثالی مہمان نوازی، خلوص، محبت اور شاندار ثقافتی ورثے کے باعث بھی دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی خوبصورت ثقافت اور روایات اس خطے کی پہچان ہیں اور حکومت ان خصوصیات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سیاحت اور انفراسٹرکچر کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ مقامی معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

اس موقع پرخواجہ سعد رفیق اور دیگر مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور آئندہ بھی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے سفر کو جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آنے والے انتخابی مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب بنا کر خطے کی ترقی اور عوامی فلاح کے ایجنڈے کو مزید مضبوط کریں۔مقررین نے اپنے خطاب میں مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور خطے کی تعمیر و ترقی کے وژن پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی پائیدار ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔اجتماع کے دوران کارکنوں اور مقامی افراد نے پارٹی قیادت کے حق میں بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا، جبکہ شرکا نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ترقیاتی سفر کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button