تازہ ترین
ضلع گلگت

امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی پاکستان کی مضبوط، متوازن اور مدبرانہ سفارتکاری کا واضح ثبوت ہے، غلام عباس

 نگران صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات گلگت بلتستان، غلام عباس نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے مابین حالیہ کشیدگی میں کمی اور عارضی جنگ بندی کا سامنے آنا پاکستان کی مضبوط، متوازن اور مدبرانہ سفارتکاری کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اہم پیش رفت نے نہ صرف خطے کو ایک ممکنہ بڑے تصادم سے بچایا بلکہ عالمی سطح پر امن و استحکام کی نئی راہیں بھی کھولی ہیں۔

پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ہمیشہ امن، مذاکرات اور باہمی احترام کے اصولوں کو فروغ دیا ہے، جس کے مثبت نتائج اب نمایاں ہو رہے ہیں۔نگران صوبائی وزیر غلام عباس نے مزید کہا کہ پاکستان کی قیادت اور سفارتی اداروں نے انتہائی دانشمندی کے ساتھ عالمی حالات کا ادراک کرتے ہوئے ایسا موقف اختیار کیا جو نہ صرف قومی مفاد کے مطابق تھا بلکہ خطے کے وسیع تر امن کے لیے بھی سودمند ثابت ہوا۔

عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کے کردار کو سراہا جانا اس امر کی دلیل ہے کہ ملک ایک ذمہ دار اور فعال سفارتی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے معاملے پر پاکستان نے خاموش مگر پائیدار سفارتکاری سے اہم پیش رفت حاصل کی ہے۔ غیر ضروری تنقید کے برعکس ریاست نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ یہ موقع قومی یکجہتی اور باہمی اعتماد کو مضبوط بنانے کا تقاضا کرتا ہے، کیونکہ سنجیدہ مکالمہ ہمیشہ الزام تراشی سے زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس پیش رفت کے عالمی معیشت، خصوصاً تیل کی منڈی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، جس سے ترقی پذیر ممالک کو بھی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔نگران صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حالات قومی اتحاد، سنجیدگی اور مثبت سوچ کے متقاضی ہیں۔ انہوں نے تمام سیاسی، سماجی اور فکری حلقوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دیں اور پاکستان کے مثبت تشخص کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

 Facebook Twitter 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button