آغا خان یونیورسٹی کا گلگت بلتستان میں 25 سال مکمل ہونے پر بچوں کی نشوونما سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس

آغا خان یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ (آئی ای ڈی) کے پروفیشنل ڈیویلپمنٹ سینٹر، نارتھ (پی ڈی سی این ) نے گلگت بلتستان میں اپنی 25 سالہ خدمات مکمل ہونے پر ایک نئے عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ خطے کے سب سے دور دراز علاقوں میں بھی سیکھنے کے طریقوں میں انقلابی تبدیلی لانے کیلئے پرعزم ہے۔ڈاکٹر فرید پنجوانی ڈین آئی ای ڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ اپنے قیام سے لے کر اب تک پی ڈی سی این نے روایتی اساتذہ کی تربیت سے آگے بڑھ کر اسکولوں اور کمیونٹی کے ساتھ پائیدار شراکتیں قائم کی ہیں جنہوں نے تعلیمی معیار کو مضبوط کرنے اور معیاری تعلیم تک رسائی کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سالہا سال پر مشتمل فیلڈ ورک کے ذریعے اس مرکز نے اساتذہ کو بااختیار بنایا، کمیونٹیز کو فعال کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ سب سے دور افتادہ بچے بھی معیاری تعلیم سے محروم نہ رہیں۔ڈاکٹر مولاداد شفا، سربراہ پی ڈی سی این نے اس اثر کی وسعت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ مرکز کے پیشہ ورانہ ترقی کے پروگرامز جن میں تعلیمی قیادت ،ابتدائی بچپن کی تعلیم اور ہول اسکول امپرومنٹ شامل ہیں جن کے ذریعے 21000 سے زائد اساتذہ کو تربیت دی گئی اور 1,600 سے زیادہ اسکولوں میں 120000 سے زیادہ طلبہ تک رسائی حاصل کی گئی ہے۔اپنی سلور جوبلی کی مناسبت سے آئی ای ڈی نے 13ویں بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا، جس نے مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے اساتذہ، محققین اور سماجی رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا تاکہ اس پیچیدہ دنیا میں نئی نسل کی پرورش کے مؤثر طریقوں پر غور کیا جا سکے۔











