گلگت،قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں چینی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ جاری طلباء تبادلہ پروگرام کو مزید موثر اور وسیع بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں چینی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ جاری طلباء تبادلہ پروگرام کو مزید موثر اور وسیع بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے سینئر انتظامی اور تدریسی افسران نے شرکت کی۔ شرکاء نے طلباء تبادلہ پروگرام کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا، جن میں طلباء کی چین منتقلی، مشترکہ تحقیقاتی منصوبے، فیکلٹی ایکسچینج اور ثقافتی تبادلے سمیت دیگر امورشامل تھے۔اجلاس میں پروگرام کی موجودہ کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور مستقبل میں اسے مزید طلباء تک پھیلانے پر زور دیا گیا اور کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف گلگت بلتستان کے طلباء کو عالمی معیار کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کر رہا ہے بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی پل کا کردار بھی ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں سنکیانگ نارمل یونیورسٹی سمیت دیگر چینی اداروں کے ساتھ معاہدوں سے یہ تعاون نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔یاد رہے کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے کئی طلباء پہلے ہی چین میں ایک سالہ تبادلہ پروگرام کے تحت زیر تعلیم ہیں جہاں وہ جدید سائنس، ماحولیات اور پہاڑی علاقوں سے متعلق تحقیق میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ پروگرام گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو بین الاقوامی مہارت حاصل کرنے اور خطے کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل بنا رہا ہے۔اجلاس کے شرکاء نے تبادلہ پروگرام کی کامیابی کے لیے مزید اقدامات کا عزم ظاہر کیا۔\378











