برازیل کے عالمی شہرت یافتہ لیجنڈری فٹبالر اسپتال منتقل

برازیل: برازیلین فٹبال کے لیجنڈ اور ریال میڈرڈ کے سابق دفاعی ستون روبرٹو کارلوس کو صحت کی خرابی کے باعث اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 52 سالہ روبرٹو کارلوس ان دنوں چھٹیاں گزارنے کے لیے برازیل میں موجود تھے کہ معمول کے طبی معائنے کے دوران ان کی صحت سے متعلق تشویش ناک علامات سامنے آئیں۔
رپورٹس کے مطابق وہ ٹانگ میں خون کے ایک معمولی لوتھڑے کی جانچ کے لیے اسپتال پہنچے تھے تاہم مزید تفصیلی ٹیسٹ اور ایم آر آئی اسکین کے بعد ڈاکٹروں نے دل کی کارکردگی میں خرابی کی نشاندہی کی۔ڈاکٹروں کے مشورے پر فوری طور پر سرجری کا فیصلہ کیا گیا جو کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ روبرٹو کارلوس کی حالت اب مستحکم ہے اور وہ خطرے سے باہر ہیں۔ تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت انہیں مزید دو دن اسپتال میں رہنا ہوگا۔
واضح رہے کہ روبرٹو کارلوس کا شمار فٹبال کی تاریخ کے جارح مزاج لیفٹ بیکس میں ہوتا ہے۔ جنھوں نے اپنی تیز رفتاری، شاندار فری ککس اور یادگار گولز سے دنیا بھر کے شائقین کو حیرانی میں مبتلا کیا ہوا ہے۔انھوں نے برازیل کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 125 بین الاقوامی میچز میں حصہ لیا، جبکہ 1998 اور 2002 کے ورلڈ کپ فائنلز میں ٹیم کا حصہ تھے۔












