گلگت میں مارکیٹیں شام 8 بجے بند کرنے کا اعلان

سکردو میں ہیلتھ اینڈوومنٹ فنڈ کے ریجنل دفتر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جس سے بلتستان ڈویژن کے عوام کو علاج معالجے کی سہولیات کے حصول میں نمایاں آسانی میسر آئے گی۔افتتاحی تقریب میں گلگت بلتستان کے نگران وزیر صحت ڈاکٹر نیاز، وزیر بلدیات انجینئر الطاف حسین، وزیر اطلاعات و آئی ٹی غلام عباس، وزیر داخلہ ساجد بیگ، مشیر سوشل اینڈ ومین ڈویلپمنٹ سیدہ فاطمہ اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ارشد مجید مہمند نے شرکت کی اور دفتر کا افتتاح کیا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بلتستان کے مریضوں کو پہلے ہیلتھ اینڈوومنٹ فنڈ سے فائدہ اٹھانے کے لیے گلگت کا طویل سفر کرنا پڑتا تھا تاہم اب سکردو میں اس دفتر کے قیام سے یہ عمل مقامی سطح پر ہی ممکن ہو سکے گا۔
وزراء نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کی بہتری اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف مریضوں کو مالی معاونت کے حصول میں آسانی ہوگی بلکہ ان کے وقت اور اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔متعلقہ حکام کے مطابق اس ریجنل دفتر کے قیام سے بلتستان کے مستحق مریضوں کو فوری اور مؤثر انداز میں مالی امداد فراہم کی جا سکے گی، جس سے صحت کی سہولیات تک رسائی مزید بہتر ہوگی۔











