بنگلہ دیش کا ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا اعلان، شاہد آفریدی کا ردعمل سامنے آگیا

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے کی حمایت کردی۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کا انڈیا کے حق میں جھکاؤ نمایاں طور پر نظر آتا ہے، حالانکہ یہ ادارہ صرف ایک ملک کے لیے نہیں بلکہ تمام ممبر ممالک کے لیے تخلیق کیا گیا تھا۔
سابق کپتان نے کہا کہ آئی سی سی انڈین کرکٹ کونسل نہیں بلکہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ درست ہے اور جواز رکھتا ہے، اب آئی سی سی پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے میچز کسی دوسرے مقام پر منتقل کرے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کرکٹرز ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنے کے خواہاں ہوتے ہیں اور ہر ملک چاہتا ہے کہ ان کے یہاں کرکٹ فروغ پائے۔اُن کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ کرکٹ کے فروغ کے خواہاں ہیں، لیکن بھارت کی طرف سے مناسب حمایت نہ ملنے کے باعث صورتحال مشکل ہوگئی ہے اور آئی سی سی کو اب اس معاملے پر واضح فیصلہ کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹی20 ورلڈکپ کے سلسلے میں باضابطہ اعلان کیا ہے کہ ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔












