تازہ ترین
ضلع گلگت

جماعت اسلامی گلگت بلتستان کی بہار کے وزیر اعلی کی جانب سے مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچنے کی شدید مذمت

جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے رہنماء مولانا عبد السمیع نے بھارتی شہر بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی جانب سے ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچنے کے واقعے پر شدید غم و غصے اور سخت الفاظ میں مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ محض ایک فرد کے ساتھ بدسلوکی نہیں بلکہ اسلام، مسلم خواتین کی عزت، اور شریعت اسلامی کے واضح احکامات پر کھلا حملہ ہے۔ایک مسلمان خاتون کا نقاب اس کی ذاتی پسند نہیں بلکہ دینی فریضہ، شناخت اورغیرت ایمانی کی علامت ہے ، جسے کوئی بھی طاقت ، منصب یا حکومت پامال نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کا یہ عمل اس ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے جو مسلمانوں کو ان کے مذہبی تشخص سے محروم کرنا چاہتی ہے۔

ایک باحجاب مسلمان خاتون کے نقاب کو سرِعام کھینچنا نہ صرف اخلاقی دیوالیہ پن ہے بلکہ ریاستی جبر، اسلام دشمنی اور مسلم خواتین کی تذلیل کی بدترین مثال ہے۔مولانا عبد السمیع نے دوٹوک انداز میں کہا کہ مسلمان کوئی کمزور اقلیت نہیں بلکہ ایک زندہ، بیدار اور باوقار امت ہے، جو اپنے دین، شریعت اور پردے کی حرمت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ اسلام نے عورت کو عزت، تحفظ اور وقار دیا ہے، اور پردہ اسی عزت کا حصار ہے، جس پر کوئی آنچ برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور انصاف پسند حلقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لیں اور بھارت میں بڑھتی ہوئی اسلاموفوبیا، مسلم خواتین کی تضحیک اور مذہبی آزادی پر حملوں کے خلاف اپنی خاموشی توڑیں۔مولانا عبد السمیع نے خبردار کیا کہ اگر مسلم خواتین کے مذہبی تشخص اور پردے کی حرمت کو چیلنج کرنے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو مسلمان اسے صرف بیانات تک محدود نہیں رکھیں گے، بلکہ ہر آئینی، قانونی اور اخلاقی فورم پر اس کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی گلگت بلتستان واضح کرتی ہے کہ پردہ ہماری شریعت ، ہماری پہچان اور ہماری سرخ لکیر ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button