گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلے سے 49 مقامات تباہ، 9 افراد جاں بحق، 533 مکانات متاثر

گلگت بلتستان میں حالیہ شدید بارشوں اور اچانک آنے والے سیلابی ریلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں 49 مختلف مقامات بری طرح متاثر ہوئے ہیں،اب تک 9 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 533 مکانات متاثر ہوئے ہیں جن میں 342 مکمل تباہ اور 191 جزوی طور پر متاثر ہوئے۔اسی طرح سیلاب سے 26 پلوں اور 49 اہم واٹر چینلز کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 20 گاڑیاں اور 15 مویشیوں کے باڑے بھی تباہ ہو گئے ہیں۔ضلع دیامر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں تقریباً 8 کلومیٹر علاقہ سیلاب کی زد میں آ یا جس میں 8 افراد جاں بحق، 1 زخمی اور 301 مکانات متاثر ہوئے۔
ضلع استور میں 1 شخص جان کی بازی ہار گیا۔ضلع شگر میں ایک پل کو نقصان پہنچا۔ضلع گانچھے میں 61 مکانات متاثر اور 3 افراد زخمی ہوئے۔ضلع سکردو میں 72 مکانات کو نقصان پہنچا۔ضلع گلگت میں 47، نگر میں 6، غذر میں 26 اور کھرمنگ میں 4 مکانات متاثر ہوئے ہیں۔ضلع ہنزہ سے تاحال کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ جی بی ڈی ایم اے کے مطابق حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں فوری بحالی اور امداد کی اپیل کی جا رہی ہے۔











