گلگت بلتستان ،فرسٹ ایف سی این اے انٹر ڈسٹرکٹ جی بی فٹ بال چمپئن شپ 2025کی شاندار اختتامی تقریب کا انعقاد

گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی بار منعقد فرسٹ ایف سی این اے انٹر ڈسٹرکٹ جی بی فٹ بال چمپئن شپ 2025کی شاندار اختتامی تقریب گلگت لالک جان سٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ یہ ایونٹ اپنی نوعیت کا پہلا بڑا فٹبال ٹورنامنٹ تھا، جس میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کی شرکت رہی ۔ چیمپئن شپ کے دوران گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع سے شرکت کرنے والی ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا . جبکہ شائقین کی ایک بڑی تعداد نے جوش و خروش کے ساتھ میچز دیکھے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
فائنل میچ میں گلگت غازی کی ٹیم نے ٹیم غذر کو 2-1 کے مقابلے سے شکست دیکر چمپئن ٹرافی اپنے نام کر لی ۔ اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل سید امتیاز حسین گیلانی نے جیتنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے . علاوہ ازیں تقریب میں چیف سیکٹری گلگت بلتستان ابرار حسین مرزا سمیت مختلف حکومتی،سماجی، اور عسکری شخصیات نے شرکت کی، جبکہ عوام کی بڑی تعداد بھی اس یادگار لمحے کا حصہ بنی۔
شائقین فٹبال نے گلگت بلتستان میں فٹبال کے فروغ کیلئے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی معاونت سے اس ایونٹ کا انعقاد ممکن ہوا، جس سے مقامی ٹیلنٹ کو ابھرنے کا موقع ملا اور نوجوانوں میں کھیلوں کا شوق مزید بڑھا۔ شرکا نے گلگت بلتستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایسے مزید مقابلوں کے انعقاد پر زور دیا۔ یہ ٹورنامنٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ گلگت بلتستان میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، اور اگر ایسے پلیٹ فارمز فراہم کیے جائیں تو مقامی کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔











