معرکہ حق میں تاریخی فتح کا ایک سال مکمل ،گلگت میں یادگار شہدا پر پروقار تقریب کا انعقاد

ترجمان نگران وزیر اعلیٰ گلگت-بلتستان شبیر میر نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان المرصوص اور معرکہ حق میں تاریخی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر گلگت میں یادگار شہدا پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، نگران وزیر اعلیٰ گلگت-بلتستان جسٹس ریٹائرڈ یار محمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔تقریب کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی پیغام بھی سنایا گیا۔
مہمان خصوصی جسٹس ریٹائرڈ یار محمد نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر شہدا کے درجات کی بلندی، ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ میڈیا کو جاری بیان میں نگران وزیر اعلیٰ گلگت-بلتستان جسٹس ریٹائرڈ یار محمد نے کہا کہ پاکستان کے ازلی دشمن بھارت نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر کھلی جارحیت اور ظلم کا مظاہرہ کیا، تاہم پاکستان کی بہادر افواج نے بروقت اور موثر جواب دے کر بھارتی فوج کو ناکوں چنے چبوا دیے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص محض ایک فوجی معرکہ نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور بے مثال جرات کی وہ داستان ہے جس نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ اس آپریشن نے ثابت کیا کہ عسکری حکمتِ عملی اور جذبہ شہادت کا امتزاج ناممکن کو ممکن بنا دیتا ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ معرکہ تاریخ کے اوراق میں مظلوموں کی طاقت اور ظالموں کی شکست کی علامت بن کر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے غازیوں اور شہدا کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور آنے والی نسلوں کے لیے عزت، وقار اور آزادی کی راہ متعین کی ۔










