گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ممکنہ اتحاد پر پی ٹی آئی کا ردعمل، عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کا مطالبہ

گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کے درمیان مبینہ حکومتی اتحاد کی خبروں پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجا اظہر نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے والی جماعتیں ایک بار پھر اقتدار کی بندر بانٹ میں مصروف ہیں۔راجا اظہر نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر گلگت بلتستان کے عوام نے تبدیلی اور حقیقی نمائندگی کے لیے ووٹ دیا ہے تو اسے پی ڈی ایم طرز کی سیاست کے ذریعے یرغمال بنانا جمہوریت کی توہین کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کا مجوزہ اتحاد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ان کی سیاست عوامی خدمت کے بجائے اقتدار کے حصول کے گرد گھومتی ہے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات کو بھی دھاندلی کی نذر کیا جا سکتا ہے۔
راجا اظہر کے مطابق اگر عام انتخابات کی طرح مظفرآباد میں بھی عوامی مینڈیٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے سیاسی انجینئرنگ کی گئی تو اس سے عوام میں مزید بے چینی اور سیاسی عدم اعتماد پیدا ہوگا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایک طرف ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے دعوے کیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب بجٹ کی منظوری کے لیے سیاسی سودے بازی جاری ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اقتدار کے حصول کے لیے اصولوں اور عوامی رائے کو پس پشت ڈالا جا رہا ہے۔راجا اظہر نے مزید کہا کہ عوام کسی بھی مصنوعی اتحاد اور بند کمروں میں ہونے والے فیصلوں کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف ہر سطح پر عوام کے حقِ حکمرانی اور حقیقی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور عوامی رائے کے خلاف کسی بھی اقدام کی مخالفت جاری رکھے گی۔











