سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی گلگت بلتستان و سابق ڈپٹی اسپیکر اسمبلی سعدیہ دانش کا ایران پر اسرائیلی حملے کی مذم

پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کی سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت نہ صرف ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ پورے خطے کے امن کو سنگین خطرات سے دوچار کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں معصوم بچوں اور شہریوں کی نسل کشی اور انسانیت سوز مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے ایران پر حملہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے،ایسے اقدامات مشرقِ وسطیٰ سمیت پورے خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتے ہیں۔سعدیہ دانش نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرکیخطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ بین الاقوامی قوانین، ریاستی خودمختاری اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں کی حمایت کرتی آئی ہے اور کسی بھی ملک کے خلاف جارحیت کی شدید مخالفت کرتی ہے۔سعدیہ دانش نے زور دیا کہ عالمی طاقتیں دوہرے معیار ترک کر کے انصاف اور امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ خطہ مزید تباہی اور خونریزی سے محفوظ رہ سکے۔











