تازہ ترین
ضلع گلگت

گلگت، ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز کی آؤٹ ڈور پرواز پر 60 دن کےلئے پابندی عائد

 محکمہ داخلہ و جیل خانہ جات گلگت بلتستان نے موجودہ ملکی اور علاقائی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پورے خطے میں ڈرونز، کواڈ کاپٹرز اور دیگر ریموٹ سے چلنے والے فضائی آلات کی آؤٹ ڈور پرواز پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور یہ آئندہ 60 روز تک نافذ العمل رہے گی یا تا حکمِ ثانی برقرار رہے گی۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غیر منظم اور غیر مجاز ڈرون پروازیں عوامی سلامتی اور حساس تنصیبات کی سکیورٹی کے لیے خطرات کا باعث بن سکتی ہیں، جس سے امن و امان کی صورتحال متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ ان خدشات کے پیش نظر ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کے دوران گلگت بلتستان کی حدود میں کسی بھی قسم کے ڈرون یا دیگر ریموٹ کنٹرول فضائی آلات کی بیرونی پرواز سختی سے ممنوع ہوگی، تاہم انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مجاز استعمال کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیاہے۔حکومت گلگت بلتستان نے تمام شہریوں، میڈیا نمائندوں اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں اور امن و امان کے قیام میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔

اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یہ اقدام خطے میں پائیدار امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاستی اداروں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے عزم کا عملی اظہار ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button