قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی طلبہ کو معیاری اور جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، وائس چانسلر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں سکول آف کمپیوٹنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز،انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کو قومی اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر کے آئی یوپروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کی۔ اجلاس میں سکول آف کمپیوٹنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز، شعبہ سول انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور الیکٹریکل انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے پروگراموں کی ایکریڈیٹیشن کمیٹی کے امور پر غور کیا گیا۔اجلاس میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی طلبہ کو معیاری اعلیٰ تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ایکریڈیٹیشن کے عمل سے نہ صرف پروگراموں کی کوالٹی یقینی بنے گی بلکہ گریجویٹس کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر بہتر روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔انہوں نے مزید کہاکہ جامعہ قراقرم ملک عزیز بالخصوص گلگت بلتستان کی ترقی اور انسانی وسائل کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ اقدام علاقے کے نوجوانوں کے لیے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور یونیورسٹی کی جانب سے معیاری تعلیم کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔وائس چانسلر نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی ایکریڈیٹیشن کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے جو طلبہ اور اساتذہ دونوں کے لیے خوش آئند ہوں گے۔











