نوپورہ بسین اور کارگاہ میں غیر قانونی مائننگ پر دفعہ 144 نافذ

اسسٹنٹ کمشنر و سب ڈویژنل مجسٹریٹ گلگت کیپٹن (ر) عادل علی نے نوپورہ بسین اور کارگاہ کے علاقوں میں غیر قانونی مائننگ کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 144 کے تحت فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ جاری کردہ احکامات کے مطابق پابندی کا اطلاق فوری ہوگا اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی مائننگ کی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔یہ اقدام عوامی مفاد کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نوپورہ بسین سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان مائننگ کے دوران پاؤں پھسلنے کے باعث جاں بحق ہوگیا تھا، جس کے بعد انتظامیہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ عادل علی نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ عائد کردہ پابندی کی مکمل پاسداری کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے اجتناب کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر نے پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تھانہ بسین اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری احکامات جاری کر دئیے ہیں تاکہ علاقے میں غیر قانونی مائننگ کی روک تھام کو مؤثر بنایا جا سکے۔











