وزیرِاعظم پاکستان کا تاریخی اقدام، گلگت بلتستان کے عوام کو مفت سولر پینلز فراہم کرنے کیلئے شروع کیا گیا

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیرِاعظم پاکستان کے مفت سولر پینل پروگرام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیرِاعظم پاکستان کا یہ تاریخی اقدام گلگت بلتستان کے عوام کو مفت سولر پینلز فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔اس پروگرام کا مقصد صاف اور پائیدار توانائی کو فروغ دینا، روایتی توانائی کے ذرائع پر انحصار کم کرنا اور علاقے میں جاری لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر قابو پانا ہے۔
اجلاس میں مزید آگاہ کیا گیا کہ اس پروگرام کے لیے آن لائن رجسٹریشن پورٹل گزشتہ شب رات 9 بجے سے باضابطہ طور پر کھول دیا گیا ہے۔ اہل افراد درج ذیل سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں:www.solar.pmrugb.gov.pkاس کے علاوہ شہری اپنی سہولت کے لیے اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنر (DC) یا اسسٹنٹ کمشنر (AC) کے دفاتر میں بھی رجسٹریشن اور رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ پروگرام کے نفاذ میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور عوامی آگاہی مہم کو مثر انداز میں چلایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس اہم منصوبے سے مستفید ہو سکیں –











