صحافیوں کے لیے ایکریڈیشن کارڈز کا اجراء تاریخی اقدام ہے: گلگت پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس

گلگت پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس نے ایک مشترکہ قرارداد میں محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کی جانب سے صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈز کے باقاعدہ اجراء پر گہری مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی اور خوش آئند اقدام قرار دیا ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ صحافت کو عملی طور پر ریاست کا چوتھا ستون تسلیم کرتے ہوئے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کا آغاز ہوا ہے۔
صحافتی تنظیموں نے اس اہم کامیابی کا سہرا چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ ان کے خصوصی وژن اور ہدایات کی بدولت محکمہ اطلاعات نے صحافیوں کے مسائل کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا۔انہوں نے سیکریٹری اطلاعات ثناء اللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات فاروق احمد کی کارکردگی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا ۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں افسران نے شبانہ روز محنت کرتے ہوئے دو سال سے تعطل کا شکار ایکریڈیشن کارڈز کے اجراء کے عمل کو نہ صرف بحال کیا بلکہ اسے منطقی انجام تک پہنچا کر صحافیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا۔
صحافتی تنظیموں نے مزید کہا کہ محکمہ اطلاعات نے ریاست اور صحافت کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہوئے دونوں اداروں کے مابین اعتماد کی فضا قائم کی ہے۔ اس اقدام سے فیلڈ میں کام کرنے والے صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ شناخت برقرار رکھنے میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔











