تازہ ترین
پاکستان

آئی سی سی کا آج ہنگامی اجلاس، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام لاہور پہنچ گئے

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام لاہور پہنچ گئے ہیں وہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کریں گے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام لاہور پہنچ گئے ہیں۔ وہ یہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ امین الاسلام آئی سی سی کے ہنگامی اجلاس سے متعلق معاملات حل کرنے پر محسن نقوی سے بات کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلا دیشی بورڈ کے صدر امین الاسلام، محسن نقوی کے ہمراہ آئی سی سی ہنگامی میٹنگ میں آن لائن شریک ہوں گے۔

سینئر اسپورٹس رپورٹ شاہد ہاشمی کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہان کی اس ملاقات میں آئی سی سی کی آئندہ بورڈ میٹنگ سے متعلق لائحہ عمل اور متفقہ موقف اختیار کرنے پر گفتگو کی جائے گی۔سینئر اسپورٹس تجزیہ کار نے بتایا کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے دو ممالک تو ساتھ چل رہے ہیں، لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کو یکجا کرنے، آئی سی سی کو ہلانے اور یہ بتانے کے لیے ایک ملک کی اجارہ داری ناقابل قبول ہے۔ تاہم اس کے لیے ایک اور ملک کا ساتھ چاہیے۔

شاہد ہاشمی نے کہا کہ اس اتحاد سے یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ ایک ملک جس کے پاس پیسے بھی ہیں اور فینز بھی، لیکن وہ سب کو حقارت کی نظر سے دیکھتا اور دبانے کی کوشش کرتا ہے، اب ایک ملک (بھارت) کی اجارہ داری ناقابل قبول ہے۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے سے انکار کرتے ہوئے آئی سی سی سے اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔

تاہم آئی سی سی نے بنگلہ دیش کے خدشات کو دور کرنے کے بجائے اس کو میگا ایونٹ سے باہر کرنے کا غیر منصفانہ اور جانبدارانہ فیصلہ کرتے ہوئے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ورلڈ کپ میں شامل کر لیا۔ جب کہ اس سے قبل یہی آئی سی سی بھارت کی فرمائش پر اس کے تمام میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کر چکی ہے۔آئی سی سی کے اس فیصلے کے خلاف پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا اور حکومت پاکستان کے فیصلے پر بھارت کے خلاف 15 فروری کو شیڈول میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button