گلگت میونسپل حدود میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن، دکانیں، فٹ پاتھ اور چار دیواریاں مسمار

اسسٹنٹ کمشنر/ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت کیپٹن (ر) عادل علی کی زیر نگرانی گلگت میونسپل حدود میں بدھ کے روز غیر قانونی تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے، جس کے دوران دکانوں، فٹ پاتھوں اور چار دیواریوں سمیت مختلف مقامات پر قائم ناجائز تجاوزات کو بھاری مشینری کے ذریعے ہٹا دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کرنے والوں کو پہلے ہی تحصیل انتظامیہ کی جانب سے نوٹسز جاری کیے گئے تھے کہ وہ ازخود تجاوزات ختم کریں، تاہم مقررہ وقت میں عمل نہ ہونے پر آج کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر گلگت کیپٹن (ر) عادل علی نے کہا کہ دن رات انسدادِ تجاوزات آپریشن جاری ہے اور گزشتہ شب سب ڈویژن گلگت کے مختلف علاقوں میں گرینڈ آپریشن کے نتیجے میں سڑکوں کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی تجاوزات سے اجتناب کریں کیونکہ ضلعی انتظامیہ شہر کو خوبصورت، صاف اور تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے کسی بھی قانونی اقدام سے گریز نہیں کرے گی، ترجمان کے مطابق عوام الناس سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی اقدامات کی نشاندہی میں ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے، ضلعی انتظامیہ ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں اسسٹنٹ کمشنر اور ان کی ٹیم عوامی خدمت کے لیے ہمہ وقت سرگرم عمل ہے۔










