نگران وزیر صحت گلگت بلتستان کا شہید سیف الرحمان گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال گلگت کادورہ، طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار

نگران وزیر صحت گلگت بلتستان ڈاکٹر نیاز علی نےڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر مبشر اور ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالسلام کے ہمراہ شہید سیف الرحمان گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال گلگت کا دورہ کیا جہاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فرمان اللّٰہ، جنرل سیکرٹری پی ایم اے ڈاکٹر عبد الحمید اور ہسپتال انتظامیہ نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔دورہ کے دوران وزیر صحت نے ایم آر آئی کے جاری ترقیاتی کام، ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، ڈائلیسز یونٹ اور آئی ڈیپارٹمنٹ کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فرمان اللّٰہ اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر ایاز احمد نے ہسپتال میں دستیاب سہولیات، جاری منصوبوں اور درکار وسائل کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ دورہ کے اختتام پر وزیر صحت ڈاکٹر نیاز علی نے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور عملے کی کاوشوں کو سراہا اور عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔










