گلگت ، امن و امان یقینی بنانے کے لیے ضلعی پولیس اور پنجاب رینجرز کی مشترکہ ناکہ بندی جاری

ضلع گلگت میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے ضلعی پولیس گلگت اور پنجاب رینجرز کی جانب سے مشترکہ ناکہ بندی کا سلسلہ جاری ہے۔ ناکہ بندی کے دوران مشکوک افراد، گاڑیوں اور نقل و حرکت کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ضلعی پولیس کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گلگت اسحاق حسین (پی ایس پی) نے واضح کیا ہے کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کی جائے گی، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈی پی او گلگت کا کہنا تھا کہ امن عامہ میں خلل ڈالنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ضلعی پولیس گلگت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے اور ضلع میں امن و امان کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔\378











