مستفیض کے معاملے پر بنگلا دیش کے جذبات مجروح ہوئے، بنگلادیشی مشیر اطلاعات

ڈھاکا: بنگلا دیش کی انفارمیشن اینڈ براڈکاسٹنگ کی مشیر رضوانہ حسن نے بھارت کا مکروہ چہرہ آشکار کردیا، انہوں نے کہا کہ فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کے معاملے پر بنگلا دیش کے جذبات مجروح ہوئے، ہمیں بھارت کو مناسب جواب دینا بنتا تھا۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بنگلادیشی مشیر اطلاعات رضوانہ حسن کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالنے کی وجوہات کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔رپورٹس کے مطابق اُن کا کہنا تھا کہ جب ملکوں میں سیاسی کشیدگی جنم لیتی ہے تو کھیل اور ثقافتی تبادلے کشیدگی کو کم کرتے ہیں لیکن بھارت نے اس کے برعکس کیا۔
بنگلادیشی مشیر اطلاعات رضوانہ حسن کا کہنا تھا کہ مستفیض الرحمان کے معاملے پر بنگلا دیش کے جذبات مجروح ہوئے، ہمیں بھارت کو مناسب جواب دینا ہی تھا۔بھارتی دانشور اور سیاستدان ششی تھرور نے رضوانہ حسن کے بیان پر مختصر ترین تبصرے میں کہا کہ ” وہ بالکل درست بات کر رہی ہیں ”۔واضح رہے کہ بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستقیض الرحمان کو ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد آئی پی ایل ٹیم کے کے آر سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔اس معاملے پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس بلاتے ہوئے اپنی حکومت کو تجویز پیش کی کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیم کو نہ بھیجا جائے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی درخواست پر مشیر کھیل بنگلادیش نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ کھلاڑیوں کی سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے، ہماری ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔











