ضلع گلگت
اے سی گلگت کی زیر نگرانی ٹمبر مارکیٹوں اور سروس اسٹیشنز کے خلاف کریک ڈاؤن

اسسٹنٹ کمشنر گلگت کیپٹن (ر) عادل کی زیر نگرانی ٹمبر مارکیٹوں اور سروس اسٹیشنز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران لکڑی کی دکانوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں اوور چارجنگ اور لازمی آگ بجھانے کے حفاظتی آلات فراہم نہ کرنے پر دو ٹمبر مارکیٹوں کو سیل کر دیا گیا۔
ترجمان اسسٹنٹ کمشنر گلگت کے مطابق اس دوران غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ اور غیر قانونی طور پر چلنے والے سروس اسٹیشنز کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ خلاف ورزیوں کے باعث دو سروس اسٹیشنز کو دریا کو آلودہ کرنے اور بار بار نوٹسز اور نوٹیفکیشنز کے باوجود سیوریج نکاسی کا مناسب انتظام نہ کرنے پر سربمہر کر دیا گیا۔انتظامیہ کے مطابق عوامی تحفظ اور عوامی بہبود اولین ترجیح ہے، اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔











