تازہ ترین
ضلع گلگت

بینظیر بھٹو نے پاکستان میں جمہوری نظام کے قیام واستحکام کیلئے سیاسی جدوجہد کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا،حافظ حفیظ الرحمن

سابق وزیر اعلی گلگت بلتستان اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے 27 دسمبر کو سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ بینظیر بھٹو نے پاکستان میں جمہوری نظام کے قیام اور اس کے استحکام کیلئے طویل سیاسی جدوجہد کے ذریعے ایک نمایاں مقام حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا، جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے جمہوری نظام کی بہتری کے لیے مزاحمتی سیاست کی اور دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ ایک اصولی اور دوٹوک موقف اپنایا۔

حافظ حفیظ الرحمن نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت نے پاکستان بھر میں دہشت گردی کے خلاف نفرت اور اس کے خلاف جنگ کے بیانئے کو مزید مضبوط کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری نظام کے تسلسل اور عوام کے بہترین مفاد کے لیے قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے مابین طے پانے والے میثاقِ جمہوریت کے عظیم فلسفے سے اتفاق کرتے ہوئے اس تاریخی دستاویز پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے بطور سیاست کے طالبعلم بے نظیر بھٹو کی سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ رب العالمین شہید کے درجات بلند فرمائے اور تمام سیاسی قائدین کو ذاتی و سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button