تازہ ترین
ضلع گلگت

سیکرٹری ہائر، ٹیکنیکل اینڈ سپیشل ایجوکیشن کا چلاس کے اداروں کا اچانک دورہ

 سیکرٹری ہائر، ٹیکنیکل اینڈ سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان فرید احمد نے چلاس کے دو کالجز، ایک سپیشل ایجوکیشن سینٹر اور کیڈٹ کالج کا اچانک سرکاری دورہ کیا۔ ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن پروفیسر محمد عالم اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل اینڈ سپیشل ایجوکیشن پروفیسر اویس احمد سیکرٹری کے ہمراہ تھے۔سیکرٹری نے سب سے پہلے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج چلاس کا دورہ کیا۔ اس کالج میں طلبہ اور کالج ایڈمنسٹریشن کے درمیان کچھ اختلافات تھے،جس میں کمپیوٹر لیپ کا مسئلہ اور کچھ اور ایشوز تھے،ان مسائل کے حل کیلئے سیکرٹری نے طلبہ، پرنسپل پروفیسر عبداللہ خان اور ڈائریکٹر کو ساتھ بٹھا کر میٹنگ کی۔ سیکرٹری نے چند اہم مسائل موقع پر حل کیے اور دیگر مسائل کے حل کے لیے پرنسپل کو ایک ہفتے کی مہلت دی،جس میں کمپیوٹر لیب کو مکمل فعال بنانا، انٹر نیٹ کی فراہمی اور لائبریری کو مزید بہتر بنانا شامل ہے۔ان مسائل کے علاوہ کلاس رومز کا بھی مسئلہ تھا، جس پر سیکرٹری نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے ہم نے ایک پروجیکٹ منظور کروایا ہے،جس سے یہ مسئلہ حل ہو سکے گا، اس پروجیکٹ کے علاوہ ہم مختلف اداروں سے رابطے میں ہیں تاکہ یہ کلاس رومز فوراً تیار ہو سکیں،اِن اقدامات کے بارے میں جان کر طلبہ مطمئن ہوئے۔ سیکرٹری نے سپیشل ایجوکیشن سینٹر چلاس کا بھی دورہ کیا،جہاں انہیں پرنسپل عبدالرحیم نے بریفنگ دی۔سیکرٹری نے سٹاف سے مسائل سنے،جن میں سے ایک مسئلہ درس و تدریس کے لیے ناکافی عمارت ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے اس سینٹر کے پرنسپل اور گورنمنٹ گرلز کالج کی پرنسپل اور سٹاف پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی تاکہ یہ مسئلہ پائیدار بنیادوں پر حل کیا جاسکے۔ سیکرٹری نے کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی کہ کوئی اور مناسب عمارت تلاش کی جائے یا موجودہ عمارت میں موجود زمین میں مذید عمارت کی تعمیر کے لیے ٹھوس تجاویز پیش کی جائیں۔بعدِ ازاں سیکرٹری فرید احمد نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چلاس کا دورہ کیا۔ پرنسپل پروفیسر ثریا اختر نے انہیں بریفنگ دی۔ سیکرٹری نے طالبات سے بھی گفتگو کی،ان کی حاضری اور شرکت سے مطمئن ہوئے۔ متعلقہ حکام اور سیکرٹری فرید احمد کی کاوشوں سے کالج ہذا میں ایجوکیشن فیلوز کی فراہمی، فیمیل پرنسپل کی دستیابی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو طالبات نے سراہا اور خوشی و اطمینان کا اظہار کیا۔سیکرٹری کی ہدایت کی روشنی میں چلاس کے دونوں کالجز میں وِنٹر کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ طلبہ و طالبات کے مطالبے پر سیکرٹری نے دونوں پرنسپلز کو وِنٹر کیمپس کے دوران طلبہ و طالبات کے لیے بسسز چلانے کی ہدایت کی،جس پر طلبہ و طالبات نے مسرت کا اظہار کیا اور سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا۔ سیکرٹری نے دونوں کالجز میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو غیر تسلی بخش قرار دیا اور اس حوالے سے سخت ہدایات دیں۔سیکرٹری نے کالج کے چند مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہدایات جاری کیے اور کچھ مسائل کے حل کے لیے ایک روڈ میپ بنانے کی ہدایت کی۔ اس دورے کے بعد سیکرٹری نے کیڈٹ کالج چلاس کا وزٹ کیا،جہاں انہیں وائس پرنسپل نے بریفنگ دی۔ کالج کے پرنسپل رخصت پر تھے۔ سیکرٹری نے وائس پرنسپل اور ڈائریکٹرز کے ہمراہ کالج کے تمام سیکشنز کا معائنہ کیا۔ سیکرٹری نے وائس پرنسپل کو کالج کی مزید اصلاح احوال کی ہدایت کی۔سیکرٹری نے وائس پرنسپل کو کالج کے احاطے میں مزید درخت لگانے اور شجر کاری کو اعلیٰ انداز میں فروغ دینے پر زور دیا تاکہ کالج میں گرمی کی شدت میں کمی آ سکے۔ سیکرٹری نے کہا کہ کالج میں مزید بلاکس بنانے کے لیے ہماری واپڈا حکام سے بات ہوئی ہے، ہماری کوششوں سے دیامر بھاشا ڈیم کے پروجیکٹس میں کیڈٹ کالج چلاس کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ اس ادارے کے مسائل حل کیے جاسکیں اور معیارِ تعلیم کو مذید جِلا بخشا جا سکے۔ سیکرٹری نے مزید کہا کہ کالج کے پانی اور بجلی کے مسئلے کے حل اور مزید بلاکس کی تعمیر کے لیے ہم متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔ انہوں نے وائس پرنسپل کو ہدایت کی کہ وہ بھی اس ضمن میں متعلقہ اداروں کے حکام سے رابط کریں تاکہ یہ مسائل حل ہو سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button