گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے فنانشل مینجمنٹ اور وسائل کا صحیح استعمال لازمی ہے،نگران وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد

نگران وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے فنانشل مینجمنٹ اور وسائل کا صحیح استعمال لازمی ہے، ترقیاتی بجٹ کے ریلیز اور مالیاتی معاہدے کے حوالے سے درپیش مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی حکومت سے سفارش کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی سیکریٹری خزانہ کی جانب سے دی جانے والی محکمانہ بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ کے غیر متوازن تناسب کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، غیر ترقیاتی بجٹ میں اضافے کی حوصلہ شکنی کریں گے، عوا م اور علاقے کی ترقی کیلئے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کرنے کی کوشش ہوگی، نگران دور حکومت میں غیر ضروری وسائل کے استعمال اور وی آئی پی کلچر کی حوصلہ شکنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ خزانہ قومی خزانے کے تحفظ اور وسائل کی بندر بانٹ روکنے کیلئے سخت اقدامات اور حکمت عملی مرتب کرے، وسائل میں اضافے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جس کیلئے روایتی طریقہ کے بجائے جدید ٹیکنالوجی کو اپنایا جائے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہاکہ شفافیت اور گورننس کی بہتری کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور آن لائن سسٹم کو مکمل فعال کرنا ہوگا۔











