واپڈا نے ضلع دیامر کے نوجوانوں کی فنی تربیت کیلئے77 لاکھ روپے کا چیک جی بی آر ایس پی کے حوالے کر دیا

31 اکتوبر2025ء) واپڈا اور گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام (جی بی آر ایس پی) کے مابین طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت کے تحت واپڈا نے ضلع دیامر کے نوجوانوں کی فنی تربیت کے سلسلے میں تقریباً 77 لاکھ روپے کا چیک جی بی آر ایس پی کے حوالے کر دیا۔واپڈا پراجیکٹ آفس چلاس میں منعقدہ اجلاس کے دوران دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی جانب سے ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن رحیم شاہ، ایس ای ریسٹلمنٹ افتخار حسین لغاری اور ڈپٹی منیجر اکاؤنٹس اینڈ فنانس محمد سرور نے مولانا حضرت اللہ کی سربراہی میں علمائے کرام کے وفد کی موجودگی میں چیک جی بی آر ایس پی کے ریزیڈنٹ انجینئر فضل الرحمان اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفیسر عنایت اللہ کے حوالے کیا۔اس موقع پر علمائے کرام نے واپڈا کی جانب سے نوجوانوں کی فنی تربیت اور سماجی ترقی کے لیے فراہم کردہ تعاون کو سراہا اور آئندہ بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ ستمبر 2024 میں واپڈا اور جی بی آر ایس پی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد ہرپن داس ماڈل میں قائم ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر میں دیامر کے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔اس فنی تربیت کے پہلے سیشن میں دیامر کے 133 نوجوانوں نے سات مختلف شعبوں میں تربیت مکمل کر لی ہے جبکہ دوسرے سیشن کے امیدوار اپنے کوائف جمع کر چکے ہیں اور کلاسز کا آغاز جلد متوقع ہے۔اب تک واپڈا نے مختلف اداروں کے تعاون سے پراجیکٹ ایریا کے 400 سے زائد نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کی ہے، جن میں سے بیشتر مختلف منصوبوں یا اپنے کاروبار سے وابستہ ہیں۔اس پروگرام کا مقصد دیامر کے نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ قومی و بین الاقوامی مارکیٹ کے لیے ماہر افرادی قوت کی تیاری اور بہتر معاشی کے حصول کے قابل بنانا ہے۔










