کے آئی یو کے شعبہ لسانیات و ادبیات کاامریکی ماہرہ ریچل ہڈسن کے ساتھ ورچوئل انگریزی پروگرام کا آغاز

طلبہ کی انگریزی زبان کی مہارت کو جدید ڈیجیٹل ذرائع سے بہتر بنانے کے لیے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (کے آئی یو) کے شعبہ لسانیات و ادبیات نے معروف امریکی تعلیمی ماہرہ ریچل ہڈسن کی رہنمائی میں ورچوئل انگریزی پروگرام کا آغاز کردیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ پروگرام امریکی سفارت خانہ اسلام آباد کے آر ای ایل او آفس کے تحت ورچوئل ایجوکیشن پروگرام کا حصہ ہے۔اس کا مقصد بین الاقوامی تعلیمی وسائل کو مقامی اداروں کے ساتھ جوڑنا ہے تاکہ طلبہ کو عالمی معیار کی انگریزی تربیت فراہم کی جا سکے۔ورچوئل ماہرہ ریچل ہڈسن، جو اپنے متحرک تدریسی انداز کے لیے جانی جاتی ہیں، نے پہلے سیشن کی قیادت کی اور موثر آن لائن سیکھنے اور عملی تدریسی طریقوں پر روشنی ڈالی۔
سیشن میں شعبہ لسانیات و ادبیات کے گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ طلبہ نے شرکت کی، جنہوں نے زبان سیکھنے کی جدید تکنیکوں پر مباحثے کئے ، خصوصاً ان نکات پر جو حقیقی دنیا کی عملی ایپلی کیشنز سے متعلق تھے۔چیئرپرسن شعبہ لسانیات و ادبیات ڈاکٹر ساجد حسین طوری نے کہا کہ یہ پروگرام ہمارے طلبہ کے لیے بہتر تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع کا نیا باب ہے۔ ریچل ہڈسن کی رہنمائی ان کی انگریزی مہارت کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر پراعتماد اور تنقیدی سوچ کو فروغ دے گی۔وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے بھی پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ورچوئل اقدامات تعلیمی رکاوٹوں کو کم کرنے اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کے آئی یو مستقبل میں بھی ریچل ہڈسن کے ساتھ مزید تربیتی ورکشاپس کا سلسلہ جاری رکھے گا۔










