ممتاز عالم دین قاضی نثار احمد پر دہشت گردانہ حملہ، دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری

گلگت شہر نزد سی پی او چوک میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے مرکزی امیر اہلسنت والجماعت گلگت بلتستان قاضی نثار احمد پر حملہ کیا۔ ضلعی پولیس گلگت سے جاری ایک بیان کے مطابق آج اس حملے میں ان کے ہمراہ موجود چار پولیس اہلکار بشمول سول ڈرائیور زخمی ہو گئے۔اس موقع پر سیکیورٹی ڈیوٹی پر موجود پولیس جوانوں نے بھرپور جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں کچھ حملہ آور زخمی بھی ہوئے تاہم وہ اپنے دیگر شریک جرم مجرمان کی مدد سے فرار ہو گئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت بفضل خدامستحکم ہے ۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان کی واضح ہدایت کے تحت ضلعی پولیس گلگت پوری طرح سرگرم عمل ہے اور حملہ آوروں کی شناخت و گرفتاری کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس نے وقوعہ میں استعمال ہونے والی دو گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لینے سمیت تفتیش کے حوالے سے اہم شواہد اکھٹے کرنے کے علاوہ اہم پیشرفت کی ہے۔اس حوالے سے ڈی پی او گلگت اسحاق حسین پی ایس پی نے عوام سے اپیل ہے کہ وہ پرامن رہیں، افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔ گلگت بلتستان پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔











