تازہ ترین
ضلع گلگت

روشن جھیل غذر سے پانی کے اخراج کے لیے اقدامات،نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد غیرضروری سفر سے گریز کریں،محکمہ داخلہ گلگت بلتستان

محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، روشن جھیل غذر کے سپل وے سے پانی کے اخراج کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری داخلہ گلگت بلتستان سید علی اصغر اور سیکرٹری مواصلات و تعمیرات، سبطین احمد کی مشترکہ صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کا بنیادی مقصد واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی پیش کردہ تکنیکی رپورٹ کی روشنی میں جھیل کی پانی کی سطح کو کم کرنے کے لیے ایکشن پلان تیار کرنا تھا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ واپڈا کے ماہرین کی رپورٹ کی بنیاد پر 30 ستمبر 2025 (بروز بدھ) سے روشن جھیل سے پانی کے اخراج کا کام شروع کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں کمشنر گلگت ڈویژن کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو پانی کے اخراج کے عمل کو منظم اور ہموار طریقے سے انجام دے گی۔عوام اور مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر گلگت شندور روڈ پر سفر کرنے والے مسافروں اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اسپل وے کے آپریشن کے دوران حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ این اور بغیر این او سی کے گلگت اور غذر سے گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کی جائے گی۔اس سلسلے میں متعلقہ اضلاع کے ایس پیز اور ٹریفک حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ انتہائی ضرورت کے علاوہ جھیل کے پانی کے اخراج کے کام کے دوران ٹریفک کی غیر ضروری آمد و رفت سے اجتناب کیا جائے۔اجلاس میں متعلقہ اضلاع (غذر، گوپس، گلگت، اور استور) کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی انخلاء کے انتظامات مکمل رکھیں۔مزید برآں ڈپٹی کمشنرز کو کہا گیا ہے کہ سرکاری محکموں اور کمیونٹی رہنماؤں پر مشتمل رابطہ کمیٹیاں تشکیل دیں گے تاکہ ضرورت پڑنے پر رہائشیوں کے انخلاء کو یقینی بنایا جا سکے۔ مساجد اور جماعت خانوں سے اعلانات کے ذریعے عوام کو دریا کے کناروں سے دور رہنے کی ہدایت کی جائے گی۔ سیکرٹری محکمہ داخلہ نے مزید حکم دیا ہے کہ اسپل وے کے ڈسچارج شیڈول کو ریڈیو پاکستان گلگت کے ذریعے اُردو ، شینا، کھوار، بروشسکی ، بلتی اور دیگر مقامی زبانوں میں نشر کیا جائے گا تاکہ عوام میں بھرپور آگاہی پھیلائی جا سکے۔حکام نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button