گلگت بلتستان میں سماعت سے محروم بچوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششوں کا آغاز

فیملی ایجوکیشنل سروسز پاکستان/ڈیف ریچ اسکولز پاکستان لاہور کے ڈائریکٹر آپریشنز، ڈینیئل مارک نے اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس گلگت، اسپیشل ایجوکیشن سینٹر چلاس اور اسپیشل ایجوکیشن سینٹر گاہکوچ کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ایچ ٹی اینڈ ایس ای گلگت بلتستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اینڈ کمیونیکیشن اور کنڈکٹنگ آفیسر اشتیاق احمد یاد بھی موجود تھے۔
اس دورے کا مقصد خصوصی بچوں، بالخصوص سماعت سے محروم بچوں سے ملاقات، انتظامیہ سے مشاورت اور مراکز کی مجموعی کارکردگی، مسائل اور چیلنجز کا جائزہ لے کر مستقبل میں عوامی و نجی شراکت داری کے تحت مشترکہ اقدامات کی راہ ہموار کرنا تھا تاکہ اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے اور دیگر عملی اقدامات کے ذریعے ان بچوں کے مسائل کا حل نکالا جا سکے۔
اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس گلگت میں ہونے والے اجلاس میں محکمہ ہائیر، ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن گلگت بلتستان کے سیکرٹری فرید احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے ڈینیئل مارک کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انسانیت کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ ڈینیئل مارک نے سیکرٹری اور شرکاء کو ڈیف ریچ اسکول سسٹم کے طریقہ کار، اہداف، پیش رفت اور آئندہ کے منصوبوں سے تفصیلاً آگاہ کیا۔
سیکرٹری فرید احمد نے مؤثر اور نتائج پر مبنی تدریسی طریقہ کار اور ان مراکز میں زیرتعلیم سماعت سے محروم بچوں کی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع بہتر بنانے کے لیے چند اہم نکات تجویز کیے۔ ڈینیئل مارک نے ان کی قیمتی تجاویز کو سراہا اور ان پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے مراکز کے انتظامی، تدریسی اور معاون عملے کے جذبے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔
ڈینیئل مارک نے اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس سکردو کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے انتظامیہ، اساتذہ اور طلباء سے ملاقات کی اور ادارے کے تعلیمی ماحول کی تعریف کی۔ان دوروں کی مفصل رپورٹس تیار کر لی گئی ہیں جو سیکرٹری ایچ ٹی اینڈ ایس ای گلگت بلتستان کو پیش کی جائیں گی تاکہ مفاہمتی یادداشت اور لیٹر آف انڈرسٹینڈنگ کے مسودات کی تیاری کے لیے راہ ہموار کی جا سکے جو مستقبل کے طویل المدتی اشتراک کی بنیاد ہوں گے۔ایک قلیل مدتی اقدام کے طور پر جولائی 2025 میں ان مراکز میں سماعت سے محروم بچوں کو پڑھانے والے اساتذہ کی تربیت ڈیف ریچ اسکولز لاہور میں کروائی جائے گی تاکہ وہ بہتر طور پر ان طلباء کی رہنمائی کر سکیں۔
Facebook Twitter











