یوم عاشورہ کے جلوسوں کے لیے گلگت میں فول پروف سیکیورٹی پلان، 1421 پولیس اہلکار تعینات

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) گلگت کی زیر نگرانی 10 محرم الحرام (یوم عاشورہ) کے مرکزی اور ذیلی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے، جس کے تحت ضلع بھر میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات مکمل کر کئے گئے ہیں۔پولیس ترجمان کے مطابق ضلع گلگت میں مجموعی طور پر 1,421 پولیس اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے 105 اہلکار 10 موبائل ٹیموں کے ساتھ تعینات کیے گئے ہیں۔فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 100 اہلکار بھی سیکیورٹی انتظامات میں حصہ لیں گے۔پاک رینجرز کی 20 موبائل گاڑیاں (QRF) کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے چوکنا رہیں گی۔سیکیورٹی پلان کے تحت سول لباس میں ملبوس سیکیورٹی برانچ کے اہلکار بھی جلوسوں میں تعینات ہوں گے، جو مشکوک افراد کی نگرانی اور نشاندہی کا فریضہ انجام دیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق جلوسوں کے داخلی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائے گی اور عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔علاوہ ازیں، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے، تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ڈی پی او گلگت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں، تاکہ یوم عاشورہ پر امن طریقے سے منعقد ہو سکے۔











