وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان خطے کے وسائل کو عوامی مشاورت کے ساتھ علاقائی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں ، ترجمان

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے ترجمان فیض اللہ فراق نے کہا ہے کہ وزیر اعلی حاجی گلبر خان خطے کے وسائل کو عوامی مشاورت کے ساتھ علاقائی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کرنا چاہتے ہیں ، یہ پہلا موقع ہے جس میں گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور لوگوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معدنیات کے حوالے سے کمیونٹی کو ہر سطح پر مشاورت میں شامل کیا جائے گا اور پہلی دفعہ معدنیات پر خاطر خواہ عوامی ریالٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ محض پروپیگنڈوں کے ذریعے خطے کو ترقی سے نہیں روکا جا سکتا ، سوشل میڈیا اور دیگر میڈیا فورمز پر معدنیات کے حوالے سے چلنے والی چیزیں اور افواہیں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں ، معدنیات کے حوالے سے حتمی ڈرافٹ ابھی تک نہیں بنا ، معدنیات کے حوالے سے جو بھی قدم اٹھایا جائے گا وہ عوامی اسمبلی اور مقامی آبادی کی مشاورت سے طے ہوگا ۔ترجمان نے واضح کیا کہ سرمایہ کاری خطے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے جہاں بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا وہاں پر علاقے میں معاشی استحکام بھی آئے گا اسلئے ہمیں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول دینا ہوگا










