محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کے زیراہتمام مشاورتی سیشن کا انعقاد

محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کے زیر اہتمام گلگت ڈویژن کے ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کیلئے ایک روزہ مشاورتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع ’’گلگت بلتستان میں ابھرتے چیلنجز اور ڈیجیٹل میڈیا کا کردار‘‘ تھا۔سیشن کی صدارت سیکرٹری اطلاعات گلگت بلتستان دلدار احمد ملک نے کی جبکہ ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات احسان اللہ،ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات فاروق احمد و دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈیجیٹل میڈیا کی جانب سے میڈیا کے شعبے میں بہتری کے لیے متعدد تجاویز پیش کی گئیں جن میں ایکسپوژر ٹرپس، فلاحی اقدامات اور صحافیوں کو جدید رجحانات سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر صحافیوں نے حکومت سے بہتر ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے پر زور دیا تاکہ صحافت کے شعبے میں پیشہ ورانہ ترقی اور باہمی اعتماد کو فروغ دیا جا سکے۔سیکرٹری اطلاعات دلدار احمد ملک نے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ دارانہ اور مثبت رپورٹنگ کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں،صحافیوں کی تجاویز کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور ان پر عملی اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت،فلاح و بہبود کے لیے انڈومنٹ فنڈ کے قیام اور ایڈورٹائزمنٹ پالیسی کو شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی بنایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اصلاحات کا عمل جاری رکھے گا۔ سیکرٹری اطلاعات دلدار احمد ملک نے سیشن کے اختتام پر کہا کہ اسی نوعیت کے مشاورتی سیشنز کا انعقاد دیامر-استور ڈویژن اور بلتستان ڈویژن کے ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے ساتھ بھی کیا جائے گا تاکہ تمام ڈویژنز کے نمائندگان کی آراء کو سنا جا سکے اور خطے میں میڈیا کے فروغ کے لیے جامع پالیسی مرتب کی جا سکے،جس کے مثبت اور دور رس نتائج آئیں گے۔










