پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی

راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ کے اپنے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے فتح کا ذائقہ چکھ لیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست دیدی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کی طرف سے دیے گئے 220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی، رائلی روسو 44 اور کوشال مینڈس 28 رنز بناکر کچھ مزاحمت کرپائے، کوئٹہ کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔آل رائونڈر فہیم اشرف نے آخر میں آئوٹ ہوئے انھوں نے 22 رنز کی اننگز کھیلی، شعیب ملک 14 رنز بنا پائے، عقیل حسین 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
لاہور کی طرف سے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے رشاد حسین نے 31 رنز دیکر کوئٹہ کے 3 بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہین آفریدی، سکندر رضا اور آصف آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل لاہورقلندرز نے پہلے کھیل کر 6 وکٹوں کے نقصان پر219 رنز بنائے، جارح مزاج بلے باز فخر زمان نے 39 گیندوں پر67 رنز عمدہ اننگز کھیلی، سیم بلنگز نے 19 گیندوں پر 50 رنز کی جارحانہ اننگز سے لاہور کو بڑے ٹوٹل کا موقع فراہم کیا۔
لاہور کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق اور ڈیرل مچل نے 37،37 رنز کی اننگزکھیلی، سکندر رضا صرف 6 رنز بنا کر چلتے بنے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی جانب سے ابرار احمد اور عقیل حسین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عثمان طارق اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔












