چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی گلگت اور اسسٹنٹ کمشنر محمد طلحہ اسد خان کی نگرانی میں میونسپل چھاپہ مار ٹیم کی شہر میں گرانفروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں

چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی گلگت اور اسسٹنٹ کمشنر محمد طلحہ اسد خان کی نگرانی میں میونسپل چھاپہ مار ٹیم نے بدھ کے روز شہر میں گرانفروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔میونسپل مجسٹریٹس عمران اللہ اور آفتاب عالم نے میونسپل فورس کے ہمراہ مختلف مارکیٹوں میں اچانک چھاپے مارے اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی پر درجنوں دکانداروں کو جرمانے کیے۔اس دوران ایک دکاندار کو مضر صحت ٹماٹروں سے کیچپ تیار کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔ میونسپل مجسٹریٹ نے دکان کو سیل کرتے ہوئے تمام مضر صحت اشیاء کو موقع پر تلف کر دیا۔انہوں نے ہدایت جاری کی کہ حفظان صحت کے اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور مضر صحت اشیاء کی خرید و فروخت کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گلگت نے تمام متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ شہریوں کی شکایات کا فوری نوٹس لیا جائے اور بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت متحرک ہے، اور عوامی خدمت ہی ان کا نصب العین ہے۔











