ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت عارف حسین کی زیر صدارت بجلی کے نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے حوالے سے اجلاس

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت عارف حسین کی زیر صدارت بجلی کے نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت امیر اعظم حمزہ کی ہدایت پر منگل کو منعقدہ اجلاس میں ایس ایس پی گلگت، ایکسین واٹر اینڈ پاور گلگت ڈویژن، اسسٹنٹ کمشنر گلگت، اسسٹنٹ کمشنر دنیور، تحصیلدار دنیور، ایس ڈی اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے غیر قانونی کنکشنز اور نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور بجلی کے بلوں کی ادائیگی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ ایکسین واٹر اینڈ پاور نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بقایاجات کی وصولی اور بجلی کے غیر قانونی استعمال کے خلاف کارروائی کے لیے ضلعی انتظامیہ کا تعاون ناگزیر ہے۔اس سلسلے میں تینوں سب ڈویژنز میں کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں کام کریں گی۔ ان کمیٹیوں میں ایس ڈی پی او، مجسٹریٹس، متعلقہ تھانے کے ایس ایچ اوز اور محکمہ برقیات کے اہلکار شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن کریں گی اور مساجد، امام بارگاہوں اور جماعت خانوں کے ذریعے عوام سے اپیل کریں گی کہ وہ اپنے بل ادا کریں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ نادہندگان کو نوٹسز جاری کیے جائیں اور بقایاجات کی عدم ادائیگی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے نیز ایکسین واٹر اینڈ پاور کو ہدایت دی گئی کہ نادہندگان اور غیر قانونی کنکشن رکھنے والوں کی فہرست مرتب کر کے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو فراہم کی جائے










