تازہ ترین
ضلع گلگت

پارلیمان سے صدر مملکت آصف علی زرداری کا خطاب تاریخی ہے، سعدیہ دانش

ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی گلگت بلتستان سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ پارلیمان سے صدر مملکت آصف علی زرداری کا خطاب تاریخی ہے،صدر آصف علی زرداری نے ملکی ترقی، معاشی خوشحالی، مستحکم سیاسی ڈھانچہ، علاقائی مساوات اور ملک میں جمہوری اقدار کو پروان چڑھانے اور سکیورٹی میں بہتری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا،صدر آصف علی زرداری نے مفاہمتی سیاست کو فروغ دینے کے لئے قومی یکجہتی اور آپس میں اتحاد و اتفاق پر زور دیتے ہوئے حکومت کو مشاورتی طرز حکمرانی کی تلقین کرتے ہوے تمام فریقین کو اعتماد میں لیکر چلنے کو ضروری قرار دیا،صدر مملکت نے تمام اداروں تمام سیاسی جماعتوں اور صوبوں کے درمیان تعاون کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشتگردی کے ناسور سے پاک کرنے کے لیئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے کی ضرورت ہے اور پارلیمان کو تمام تر اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی و قومی مفاد کو مقدم رکھنا ہوگا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت کی یکطرفہ پالیسیوں سے وفاقی توازن کو نقصان پہنچ سکتا ہے لہذا حکومت اپنی پالیسیاں متوازن رکھے۔صدر مملکت نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے تنخواہوں میں اضافہ اور توانائی کے اخراجات کم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

صدر مملکت نے اپنے خطاب میں گلگت بلتستان اور بلوچستان کو خصوصی توجہ دینے اور انہیں قومی ترقی میں موثر طور پر شامل کرنے کی ہدایت کی۔ صدر مملکت نے ملک میں سکیورٹی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر پاکستان کے اس نہایت اہمیت کے حامل خطاب کے دوران تحریک انصاف کے ممبران کا رویہ انتہائی نامناسب اور غیر پارلیمانی رہا اور ہمیشہ کی طرح انتشار اور تقیسم کی سیاست نظر آئی اس رویے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ان کو ملکی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button