رمضان المبارک کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات ، ضلعی پولیس گلگت کا جامع سیکیورٹی پلان ترتیب

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گلگت ظہور احمد کی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران نماز تراویح کے لیے ضلعی پولیس گلگت نے ایک جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔ اس پلان کے تحت ضلع بھر میں 527 پولیس اہلکاران و افسران کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ترجمان گلگت پولیس کے مطابق رمضان المبارک میں امن و امان کے قیام کے پیش نظر ڈی پی او گلگت ظہور احمد کی قیادت میں527 اہلکار 210 مساجد میں نماز تراویح کے دوران سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ پولیس فورس کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پوری مستعدی اور ذمہ داری کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دیں، عوام کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں، اور کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی کریں۔ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گلگت ظہور احمد نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام افسران اور جوان چوکس رہیں اور اپنی ڈیوٹی پوری ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔ کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلعی پولیس عوام سے بھی گزارش کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔رمضان المبارک عبادت، رحمت اور امن کا مہینہ ہے، اور ضلعی پولیس گلگت اس مقدس مہینے میں شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔











