پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،حاجی گلبر خان

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے چلاس بونر داس میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، پسماندہ علاقوں کے عوام کی معیار زندگی کو بہتر بنانا اور ان کے دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے بونر داس پرائمری سکول کو ہائی سکول کا درجہ دینے اور بونر نالے میں پانچ سو کلو واٹ کا بجلی گھر بنانے کیلئے فزبلٹی تیار کرنے کیلئے محکمہ برقیات کو احکامات دیئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بونر داس کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ بونر داس کا دس کلو میٹر روڈ پی ایس ڈی پی میں شامل کیا گیا ہے جس پر بہت جلد کام شروع ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ عید کے بعد چلاس بونر داس کا تفصیلی دورہ کریں گے۔ عمائدین بونر داس نے بونر داس آمد پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا شاندار استقبال کیا اور کہا کہ گلگت بلتستان کا پہلا وزیر اعلیٰ ہے جس نے بونر داس کا دورہ کیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ہمارے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔











