جامعہ قراقرم اور چائنا پاکستان جوائنٹ ریسرچ سینٹر کے درمیان جدید ترین تحقیقاتی مرکز کے قیام کیلئے شراکت داری کا آغاز

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور چائنا پاکستان جوائنٹ ریسرچ سینٹر (پی جے آر سی) کے درمیان شراکت داری کا آغاز کرتے ہوئے مفاہمتی دستاویزات پر دستخط کرلئے گئے۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق شرکت داری کے تحت حکومت پاکستان کے منظور شدہ منصوبے کے تحت قراقر م آبزرویشن اینڈ ریسرچ اسٹیشن برائے نیچرل ہیزارڈز اور ماحولیاتی تحقیق قائم کیا جائے گا۔
اس حوالے چینگ دو چائنہ میں چینی اکیڈمی آف سائنسز میں تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ، پروفیسر سو لی جون ڈائریکٹر جنرل پی جے آر سی، پروفیسر سی یو پینگ چینی اکیڈمی آف سائنسز، پروفیسر ہانگ تیان ہوا، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی جے آر سی، اور پی جے آر سی اور سی اے ایس کے سینئر ماہرین تعلیم اور محققین نے شرکت کی۔
کے آئی یو اور پی جے آر سی کے درمیان ہونے والے معاہدے پر جامعہ قراقرم کی جانب سے وائس چانسلر کے آئی یو ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ جبکہ پروفیسر سو لی جون ڈائریکٹر جنرل پی جے آر سی نے دستخط کئے۔ جدید ترین تحقیقاتی مرکز کے آئی یو میں پی جے آر سی اور کے آئی یو کے درمیان تعاون کے فریم ورک کے تحت قائم کیا جائے گااور یہ مرکز پی جے آر سی چین اور پاکستان کا مشترکہ منصوبہ ہے جسے پاکستان کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت منظور کیا گیا ہے۔
یہ تحقیقاتی مرکز دونوں ممالک کے ماہرین کو ایک جگہ جمع کرنے اور مل کر کام کرنے کا موقع فراہم کرے گا تاکہ وہ مل کر عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تحقیق کر سکیں۔ تقریب کے بعد اہم پینل ڈسکشن بھی ہوئی۔ جس میں ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر بات کی گئی۔ وائس چانسلر کے آئی یو نے پینل ڈسکشن میں اپنے کلیدی خطاب میں پاکستان اور چین کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ تحقیقاتی مرکز قدرتی آفات، موسمیاتی تبدیلی، غیر مستحکم موسمی حالات اور دیگر متعلقہ سائنسی میدانوں پر تحقیق کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ان سے قبل دیگر مقررین نے عالمی برادری کے لیے ان مسائل کو حل کرنے میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سائنسی ترقیوں کی ضرورت پر بات کی تاکہ ان چیلنجز کے اثرات کو کم کیا جا سکے اور زیادہ لچکدار کمیونٹیز بنائی جا سکیں۔ وائس چانسلر نے کہاکہ کے آئی یو گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈز (گلاف) اور موسمیاتی تبدیلی پر وسیع تحقیق کا تجربہ رکھتاہے اور اپنے شراکت دار اداروں کے ساتھ ان اہم شعبوں میں سائنسی علم کو بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتاہے۔ وائس چانسلر نے پینل ڈسکشن میں کے آئی یو کے چائنا اسٹڈی
سینٹر کی طرف سے شائع کی گئی کتاب پاکستان اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو – سیاست اور معیشت کا سفر کی ایک کاپی سینئر تعلیمی ماہرین کو پیش کی۔











